ترال، پلوامہ (شبیر بھٹ)یوم آزادی سے قبل ضلع انتظامیہ پلوامہ کی جانب سے ترال میں ایک میگا ترنگا ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی میں پولیس اور سیول انتظامیہ کے افسران کے علاوہ اسکولی طلبہ نے شرکت کی۔ ریلی، ڈگری کالج ترال سے شروع ہوئی اور بس اسٹینڈ ترال میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم کر رہے تھے جب کہ ممبر اسمبلی ترال رفیق احمد نایک، اے ڈی سی ترال ساجد نقاش اور ایس ایس پی اونتی سجاد احمد شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں شامل سینکڑوں طلبہ، سرکاری ملازمین اور عوام نے ہاتھ میں قومی پرچم لہرا کر ریلی میں شرکت کی، جب کہ حب الوطنی کے گیت بھی میوزک سسٹم سے لگاتار نشر کیے جا رہے تھے۔ ریلی میں شامل لوگوں نے ریلی کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ ’’اس علاقے میں پہلی بار ایسی ریلی کا اہتمام کیا گیا ہے جس سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کشمیر بدل چکا ہے۔‘‘میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈی سی پلوامہ نے بتایا کہ ‘ہر گھر ترنگا مہم کے سلسلے میں پلوامہ ماضی میں بھی سرفہرست رہا اور امید ہے کہ روایت قائم رہے گی۔ انہوں نے ترال کے عوام کا بڑی تعداد میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
Comments